باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ لیگ کے فائنل میچ میں ایک تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب امپائر کے ایک فیصلے پر کھلاڑیوں اور شائقین میں تصادم ہوگیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میچ کے دوران ایک کھلاڑی کو تھرڈ امپائر نے آؤٹ قرار دیا، جس پر دونوں ٹیموں کے حامی مشتعل ہوگئے اور میدان میں گھمسان کا رن پڑ گیا۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور شائقین ایک دوسرے پر لاتیں اور گھونسے برسانے کے ساتھ ساتھ کرسیاں بھی پھینکتے رہے۔ مشتعل تماشائی حد سے گزر گئے اور وی آئی پی انکلوژر میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی، جس سے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ انتظامیہ اور اسٹیڈیم سیکیورٹی کے اہلکار ابتدائی طور پر صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہے، جس کے باعث جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔
جھگڑے کے دوران ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی ایس پی) سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اس ناخوشگوار واقعے نے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے تماشائیوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئر کور (ایف سی) اور باجوڑ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرلیا۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مشتعل ہجوم کو منتشر کیا اور جھگڑے میں ملوث 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد جھگڑے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعے کے بعد اسپورٹس کمپلیکس کی سیکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ آئندہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔باجوڑ کے مقامی حلقے اس افسوسناک واقعے کی مذمت کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ کھیلوں کے مقابلوں کے دوران مناسب سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں تاکہ شائقین اور کھلاڑیوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
Shares:








