سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں نجی کالج کے پروفیسر کے قتل کیس میں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی گئی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال پیش آیا تھا جب کچہری کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پروفیسر فیصل ظفر کو قتل اور 11 سالہ احمد کو زخمی کر دیا تھا، جس کے باعث احمد زندگی بھر کے لیے معذور ہوگیا۔
واقعے کے بعد اس وقت کے ڈی پی او حسن اقبال نے فوری طور پر نوٹس لیا اور ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی اور انچارج ہومی سائیڈ انسپکٹر غازی عرفان اشرف سمیت دیگر افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے تفتیش میں ملزمان کو ٹوپی اور عینک کی مدد سے شناخت کرتے ہوئے لاہور سے گرفتار کرلیا۔
ملزم صغیر بٹ نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی بہن نے فیصل ظفر سے شادی کی تھی، جس پر اسے رنج تھا۔ اس نے اپنے بہنوئی کو قتل کرنے کا ارادہ کیا لیکن فائرنگ میں اس کا سوتیلہ بھانجا فیصل جاں بحق ہوگیا اور خریداری کے لیے آئی ہوئی خاتون کا 11 سالہ بیٹا احمد بھی زخمی ہوگیا۔
پولیس نے واقعے کا چالان عدالت میں جمع کیا جہاں ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ شہزادہ مسعود صادق نے پولیس تحقیقات اور وکیل کے دلائل کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر ملزمان صغیر بٹ اور اس کے ساتھی وشال کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔








