اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے ماہ اکتوبر کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ریسکیو سروس کو 18,262 کالیں موصول ہوئیں، جن میں سے 4,954 ایمرجنسی کالیں تھیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ اس دوران 4,667 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 1,861 کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 2,806 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز میں شامل تھے: 1,132 روڈ ٹریفک حادثات، 3,202 میڈیکل ایمرجنسیز، 76 آگ لگنے کے واقعات، 131 جرائم کے واقعات، 1 ڈوبنے کا واقعہ، اور 412 متفرق حادثات۔ روڈ ٹریفک حادثات میں 1,198 افراد متاثر ہوئے، جن میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 667 افراد کو ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 508 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

آگ لگنے کے 76 واقعات میں 7 کمرشل، 3 رہائشی اور 66 دیگر مقامات شامل تھے۔ آگ لگنے کی وجوہات میں شارٹ سرکٹ، موم بتی، لاپرواہی اور دیگر عوامل شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 42 ملین روپے کی جائیداد کو محفوظ کیا۔

ریسکیو موٹر بائیک سروس نے 2,464 ایمرجنسیز پر 3.53 منٹ کے اوسط وقت میں مدد فراہم کی۔ پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت 326 مریضوں کو بہتر طبی امداد کے حصول کے لئے منتقل کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے عوام سے درخواست کی کہ وہ غلط یا رونگ کال کرنے سے گریز کریں تاکہ اصلی ایمرجنسی کالز کو بروقت سنا جا سکے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ریسکیو 1122 ہر متاثرہ شخص کی مدد کے لئے ہمہ وقت موجود ہے، بلا تفریق رنگ، نسل یا مذہب۔

Shares: