میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)میرپورخاص کی تحصیل حسین بخش مری میں جانوروں کے فضلے اور کھال سے غیر صحت بخش تیل تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کاروائی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری زینب حفیظ نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز، ڈپٹی ڈائریکٹر ویجیلنس ٹیم اور فوڈ اتھارٹی کی دیگر ٹیموں کے ہمراہ دو آئل فیکٹریوں پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران ان فیکٹریوں کو پولٹری کے فضلے سے تیل تیار کرتے پایا گیا جو کہ انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور قانونی طور پر ممنوع بھی ہے۔ مزید تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ ان فیکٹریوں کے پاس اس بات کا کوئی ریکارڈ نہیں تھا کہ تیار کیا گیا تیل کہاں فروخت ہو رہا ہے۔ فیکٹریوں میں صفائی اور حفاظتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر اسسٹنٹ کمشنر زینب حفیظ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں فیکٹریوں کو عارضی طور پر سیل کر دیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مزید تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کاروائی کا مقصد عوام کو غیر معیاری اور غیر صحت بخش مصنوعات سے بچانا اور صحت عامہ کو یقینی بنانا ہے۔