سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیورو چیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں واپڈا ملازمین کا نجکاری اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو پاور الیکٹرک ورکرز یونین سیالکوٹ کی جانب سے پرامن احتجاج کے دوران مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور اپنے مطالبات پر زور دیا۔
مظاہرین نے واپڈا ملازمین پر عائد الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا ہسپتال کی سروسز کا خاتمہ اور ملازمین کے لیے موٹر سائیکل اسکیم میں تاخیر جیسے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ انہوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بجلی فراہمی، ٹرانسفر پالیسی، گیف ٹاؤن کی تکمیل میں تاخیر، اور اربوں روپے کے غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے خلاف آواز اٹھائی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ، ڈیلی ویجز، اور لم سم ملازمین کو مستقل کیا جائے اور شارٹ اسٹاف کے مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے بائیو میٹرک حاضری کو بھی مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واپڈا ملازمین کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کے جائز حقوق کو یقینی بنایا جائے۔