کشمور : اغوا کی وارداتیں،72 گھنٹوں میں 8 افراد اغوا، پولیس و رینجرز ناکام
تنگوانی (باغی ٹی وی نامہ نگار منصور بلوچ) ضلع کشمور کندھ کوٹ میں ایک بار پھر اغوا کاریوں میں شدت آ گئی ہے، جہاں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 8 افراد اغوا ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور عوام کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
تنگوانی کے علاقے سے دو افراد، عارف ملک اور شہزادو گولو، بھی اغوا کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد ان کے اہل خانہ میں غم اور پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اغوا کی وارداتوں میں تیزی آگئی ہے اور روزانہ ایک یا دو افراد کو اغوا کیا جا رہا ہے، جس نے عوام کی سکون کی نیند چھین لی ہے۔
ڈسٹرکٹ کشمور کے کچے اور پکے علاقے میں ڈاکووں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں اور ان کی کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں، جس سے مقامی لوگ شدید پریشان ہیں۔ اس صورتحال کے باوجود، ڈسٹرکٹ پولیس اور کشمور رینجرز کی جانب سے اغوا کاروں کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نظر نہیں آ رہی۔ عوام کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے ضلع کشمور کو ڈاکوؤں کے حوالے کر رکھا ہے، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ہے۔
اہلِ علاقہ نے حکومت سے فوری طور پر کارروائی کی اپیل کی ہے تاکہ اغوا کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کو اس خوفناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔