سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ اسموگ کے خاتمے اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، محکمہ ماحولیات، زراعت اور انڈسٹریز کی جانب سے انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر تین زمینداروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، 411 زمینداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ چار لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح ضلع سیالکوٹ میں موجود 206 بھٹہ خشت میں سے دھواں چھوڑنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 65 بھٹوں کو سیل، 36 بھٹہ مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج اور 24 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں، 174 بھٹوں کو نوٹسز جاری کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث پانچ انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا، جبکہ ایک لاکھ روپے جرمانہ اور 45 انڈسٹریل یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محکمہ تحفظ ماحولیات کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح سیالکوٹ میں بھی تمام پارکس، چڑیا گھروں، عجائب گھروں اور کھیلوں کے مقامات پر شہریوں کے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جو 17 نومبر تک برقرار رہے گی اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

Shares: