اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)کوئٹہ خودکش دھماکہ،پاک فوج کا جوان نائیک محمد صدیق بڈانی شہید
تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے چک کیہل سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے نائیک محمد صدیق بڈانی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ اوچ شریف اور ملک بھر کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے، جس میں ایک بہادر سپاہی نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
نائیک محمد صدیق بڈانی پاک فوج کے ایک بہادر اور محنتی سپاہی تھے جو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر اس وقت موجود تھے جب یہ المناک دھماکہ ہوا۔ وہ اپنے گھر اوچ شریف واپسی کے سفر پر تھے جب یہ حملہ پیش آیا، جس میں وہ شہید ہوگئے۔
شہید محمد صدیق بڈانی کی شہادت پر اوچ شریف اور پورے علاقے میں سوگ کا سماں ہے۔ ان کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے والدین نے ان کی شہادت کو فخر کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا ہمیشہ کے لیے ان کے دلوں میں زندہ رہے گا۔








