اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پی ٹی آئی کے خلاف حالیہ اقدامات پر سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔
عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت دفاع، وزارت داخلہ، کابینہ ڈویژن اور چاروں صوبوں کو فریق بنایا گیا ہے۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں عمران خان کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، اور اس پر جوڈیشل انکوائری کی استدعا کی گئی ہے۔ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ججز پی ٹی آئی مخالف اقدامات کی تحقیقات کریں اور بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے احکامات جاری کریں۔ مزید برآں، درخواست میں دفعہ 144 کے غلط استعمال کو روکنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ ایم پی او کے تحت سیاسی گرفتاریوں پر پابندی عائد کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کروائی جائے، تین رکنی جوڈیشل انکوائری میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر کو بھی شامل کیا جائے۔








