ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواداکبر) آج صبح تھانہ کالا کی حدود میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر حماد نبی اور ایس ایچ او تھانہ کالا طاہر سلیم فوری طور پر موقع پر پہنچے۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں سوار افراد ڈیرہ غازی خان جا رہے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد شہباز موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ پرانی دشمنی ہو سکتی ہے۔ ڈیرہ غازی خان پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کی کوشش ہے کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔








