میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارشاہزیب شاہ) تحصیل عمرکوٹ کے نواحی گاؤں رانا جاگیر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں دو معصوم بچوں، دو سالہ نریندر میگھواڑ اور ایک سالہ صندر میگھواڑ کو کلہاڑی کے وار سے بے دردی سے قتل کرنے والے ملزم سترام میگھواڑ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم مقتول بچوں کا چچا ہے۔

مقتول بچوں کے والد، راجیش میگھواڑ کی مدعیت میں عمرکوٹ سٹی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، کرائم نمبر 217/2024 کے تحت مقدمہ دفعہ 302 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم سترام بچوں کو کھلانے کے بہانے گھر سے لے گیا تھا۔ کافی دیر تک واپس نہ آنے پر جب بچوں کی تلاش شروع کی گئی تو ملزم گاؤں کے قریب جھاڑیوں میں ملا، جس نے اعتراف کیا کہ اس نے بچوں کو قتل کر دیا ہے۔

ملزم کی نشاندہی پر دونوں بچوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔ ایک بچے کی لاش کا دھڑ ہی ملا، بعد میں تلاش کے بعد سر بھی برآمد کر لیا گیا۔ مقتولین کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروایا جا چکا ہے اور مزید قانونی کارروائی اور ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

Shares: