وزیر اعظم شہباز شریف کی اپیل پر آج ملک بھر میں بارش کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز استسقا کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعاں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر شرکا اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ خشک سالی کے خاتمے اور سموگ سے پیدا ہونے والے صحت کے خطرات کو کم کرے۔

وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف کی اپیل پر شیخوپورہ میں بھی باران رحمت کے نزول اور سموگ کے خاتمہ کے لیے نماز استسقاء ادا کی گئی ۔مرکزی جامعہ مسجد ریلوے روڈ شیخوپورہ کے زیراہتمام نماز استسقاء میں علماے کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی

لاہور میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نماز استسقا کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جمعہ کے بعد نماز استسقاء ادا کرکے اللہ سے دعا کی ہے کہ ہماری معافی قبول فرما دے اور اتنی باران رحمت برسائے کہ یہ بیماری ختم ہو جائے، نماز استسقاء کا مقصد بھی یہی ہے کہ اگر کوئی غلطی ہو تو وہ معاف فرما دیں، جس قوم میں ذخیرہ اندوزی ہوتی ہے وہاں بارش کا عمل رک جاتا ہے۔کونسل نے 2022 میں حکومت سے اپیل کی تھی اس پر عمل کیا اور پی ٹی اے اب تک 80 لاکھ ایسی سائٹ بند کر چکا ہے، ایسی تمام سائٹ جو نبی کریم اور اصحابہ کی توہین کریں اسے بند کیا جانا چاہیے۔

مختلف شہروں کی مساجد میں نماز جمعہ کے بعد شہریوں نے بارش کی دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے، تاکہ قدرتی آفات کے اثرات کم ہوں اور موسم میں نرمی آئے،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زارت مذہبی امور کی عمارت، اور کوہسار بلاک کے لان میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی، لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد ،پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز پڑھ کر دعا کی

واضح رہے کہ گزشہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے باران رحمت کے لیے نماز استسقاء ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔ انھوں نے قوم سے درخواست کی تھی کہ نماز استسقاء ادا کرے اور اللہ تعالیٰ سے بارش کے لیے خصوصی دعا مانگی جائے۔

Shares: