میہڑ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ) کھیل کے دوران 6 سالہ بچی تالاب میں ڈوب کر جاں بحق، علاقے میں غم کی فضا
میہڑ کے نواحی گاؤں بٹ سرائی میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں کھیل کے دوران پاؤں پھسلنے سے 6 سالہ معصوم بچی سومل پتافی تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق سومل اپنے دوستوں کے ساتھ گاؤں کے نزدیک کھیل رہی تھی کہ اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ تالاب میں گر گئی۔ وہاں موجود بچوں نے فوری طور پر شور مچایا جس پر مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور بچی کو تالاب سے نکال کر فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔
ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے معصوم سومل پتافی کی موت کی تصدیق کردی۔ اس دلخراش واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔ اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں نے اس حادثے کو بےحد افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ گاؤں میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔
یہ واقعہ مقامی انتظامیہ اور والدین کے لیے ایک یاددہانی ہے کہ بچوں کی حفاظت اور انہیں خطرناک مقامات سے دور رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ بچی کے انتقال پر علاقے بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی اور لوگ اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کے لیے ان کے گھر پہنچنے لگے۔