24 نومبر کےجلسے کی حتمی کامیابی کیلئے خواجہ آصف کا عمران خان اور بشریٰ کو مشورہ
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 24 نومبر کے جلسے کی حتمی کامیابی کیلئے عمران خان اپنے تینوں بچوں اور بشریٰ بی بی اپنے بیٹوں، بیٹیوں، نواسوں اور پوتوں کی بھی شرکت لازمی بنائیں۔
باغی ٹی وی : سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ بشری بی بی نے 24 نومبر کے جلسے کے لیے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ہر ٹکٹ ہولڈر کی پانچ سے 20 ہزار افراد لانے کی ذمہ داری لگائی ہے۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کی حتمی کامیابی کیلئے عمران خان اپنے 3عدد بچے لندن سے بلائیں اور بشری بی بی بھی اپنے بچے بچیاں اور پوتے پوتیاں نواسے نواسیوں کی شرکت لازم بنائیں، بشری بی بی اور عمران خان شرکا اور خرچے کا بوجھ کچھ خود بھی اٹھائیں، ساری عمر ہوگئی ہے مفت اور نوسر بازی کرتے ہوئے، بشریٰ بی بی اور عمران خان اپنے کاز کے ساتھ کمٹمنٹ کا اظہار کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبرکے احتجاج کی کال کے حوالے سے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں ، احتجاج کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پارٹی قیادت کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں،بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ تمام اراکین اسمبلی اپنے ساتھ 5 ہزار افراد لے کر آئیں گے، کارکنان کی گاڑیوں اور خوراک کا انتظام اراکین پارلیمنٹ کریں گے،اراکین پارلیمنٹ قافلے میں موجود تمام گاڑیوں کی ویڈیو بنائیں گے، ویڈیو بنانے کی ذمہ داری بھی اراکین پارلیمنٹ کی ہو گی۔