سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) چیئرمین پنجاب لینڈ ریونیو ریکارڈ اتھارٹی چودھری طارق طارق سبحانی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سیالکوٹ اور نارووال کی 7 تحصیلوں میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اربن علاقوں میں صفائی آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ دیہی یونین کونسلز کے لیے صفائی کا عمل شروع کرنے کے لیے انسانی وسائل اور مشینری کو ہائیر کرنے کے لیے کنٹریکٹر کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس سیالکوٹ میں ستھرا پنجاب پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ، سی او میونسپل کارپوریشن ملک افضل، ایم او ضلع کونسل رانا ثقلین، سینئر آپریشن مینیجر ایس ڈبلیو ایم سی مجاہد مقبول، اے ڈی ایل جی جلیل بھٹی، اور ایس ڈی او بلال احمد نے شرکت کی۔
چودھری طارق سبحانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں صفائی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پہلی مرتبہ ایک جامع پروگرام تشکیل دیا ہے اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر سطح پر مانیٹرنگ اور ماہانہ ریویو کے علاوہ ہفتہ وار فیلڈ وزٹ اور انسپکشن کو یقینی بنایا جائے گا۔








