سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) پانچ روز قبل ٹراما سینٹر کے قریب سے ملنے والی خاتون کی نیم برہنہ لاش کی تاحال شناخت نہ ہو سکی،ہسپتال کی سیکیورٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے باوجود سراغ نہ لگایا جا سکا، جس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں
تفصیل کے مطابق ضلع سیالکوٹ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال، علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سینٹر کے ایمرجنسی روم کے قریب واقع کمرے کے مین ہول سے پانچ روز قبل ایک نیم برہنہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی تاہم پانچ دن گزرنے کے باوجود پولیس ابھی تک خاتون کی شناخت نہ کر سکی۔
ایمرجنسی روم کے ساتھ والے کمرے سے ملنے والی لاش کے حوالے سے پولیس نے مقدمہ اے ایم ایس ایڈمن کی مدعیت میں تھانہ رنگپورہ میں زیر دفعہ 302 درج کیا ہے۔ اس واقعے میں ہسپتال کے اندر سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کے باوجود ملزمان کا سراغ نہ لگایا جا سکا جو کہ سیکیورٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔ شہریوں نے اس واقعے کے بعد ہسپتال کی سیکیورٹی اور تفتیشی عمل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔