ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار بلاول سموں کی رپورٹ) ٹھٹھہ پولیس نے منشیات اور غیر قانونی گٹکا فروشی کے خلاف جاری مہم کے دوران اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ انچارج سی آئی اے ٹھٹھہ انسپکٹر ممتاز علی بروہی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خضرحیات مسجد کے قریب واقع محمود میمن کے گٹکا گودام پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی میں گٹکا مٹیریل فروش ملزم فیروز ولد شریف مگسی کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران 1340 پیکٹ تمباکو پتی، 24 کلو گٹکا مٹیریل اور 500 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کیے گئے۔ ملزم کے خلاف ٹھٹہ تھانے میں گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یہ کارروائی آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات کی روشنی میں ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر عمل میں لائی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق منشیات، جرائم پیشہ عناصر، اور عادی مجرمان کے خلاف ٹھٹھہ پولیس کی کریک ڈاؤن مہم پوری قوت سے جاری ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے کہا کہ علاقے کو جرائم سے پاک کرنا اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ملزم کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں گٹکا برآمدگی کو منشیات کے کاروبار کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ گٹکا مافیا کے دیگر کارندوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

Shares: