میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگار سیدشاہزیب شاہ) جرائم کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، سخت اقدامات کا اعلان

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی میرپورخاص رینج محمد زبیر دریشک کی زیرِ صدارت ڈی آئی جی آفس میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میرپورخاص کے ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، سی آئی اے انچارج، 15 مددگار اور دیگر پولیس افسران و عملہ نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانا اور پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔

ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اجلاس کے دوران منشیات، گٹکا، آرگنائزڈ کرائم، اور دیگر سماجی جرائم کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ گٹکا اور منشیات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے حساس علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھانے، ناکہ بندی کے قیام اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کے احکامات بھی دیے گئے۔

ڈی آئی جی نے قتل اور سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری پر زور دیا اور اشتہاری و روپوش ملزمان کو جلد از جلد پکڑنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگیٹڈ مجرموں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت ایکشن جاری رہے گا۔

اجلاس میں پولیس فورس کی تربیت، شفاف پوسٹنگ اور افسران کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی بھی ہدایت دی گئی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ تحقیقات کے لیے مختص بجٹ کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، ایف آئی آر کے مناسب اندراج اور ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کو فعال بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ تمام افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔ ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

Shares: