اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) حکومت پنجاب کی جانب سے صحت کے فروغ کے لیے آر ایچ سی ہسپتال اوچ شریف میں 20 سے 22 نومبر تک سہ روزہ مفت صحت کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کیمپ کے تحت شہریوں کو مفت طبی معائنہ، تشخیصی ٹیسٹ، اور ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریضوں کے لیے مفت ہیپاٹائٹس، شوگر، اور ملیریا کی اسکریننگ۔حاملہ خواتین اور بچوں کی مفت ویکسینیشن۔چھوٹے بچوں، خواتین، اور بڑوں کا مفت طبی معائنہ۔
ایم ایس آر ایچ سی ڈاکٹر رانا ارشد کے مطابق، کیمپ کے پہلے روز 259 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ اسکریننگ کے دوران 3 مریض ہیپاٹائٹس بی، 22 ہیپاٹائٹس سی، اور 13 ملیریا کے کیسز مثبت پائے گئے، جب کہ 13 مریضوں کے پی سی آر سیمپل مزید تشخیص کے لیے بھجوائے گئے ہیں۔
ڈاکٹر رانا ارشد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کیمپ میں بروقت شرکت کر کے اپنی صحت کا معائنہ کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں تمام طبی عملہ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک موجود رہے گا تاکہ شہری ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایات پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ میں 22 نومبر تک جاری رہنے والا مفت صحت کیمپ عوامی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اس انقلابی اقدام کا مقصد بیماریوں کی بروقت تشخیص اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔
میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر عارف غوری نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ایک نادر موقع ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کیمپ میں آ کر اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کا مفت معائنہ کروائیں تاکہ بہتر صحت کی سہولیات سے استفادہ کر سکیں