سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 15 بھٹے مسمار کر دیے گئے ہیں، جبکہ 65 بھٹوں کو سربمہر کیا گیا اور 36 بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رواں سیزن میں بھٹہ مالکان کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 لاکھ روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے اور 174 بھٹوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسموگ کی بڑی وجوہات میں دھواں چھوڑتی گاڑیاں شامل ہیں۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر نجی اور کمرشل گاڑیوں کی انسپکشن جاری ہے، اور رواں ماہ 144 گاڑیوں کو 2 لاکھ 94 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ 71 گاڑیاں بند کی گئیں۔
پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ممنوعہ شاپر بیگز کے استعمال پر پابندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن کی جا رہی ہے۔ اب تک 850 من ممنوعہ شاپر بیگز ضبط، 10 دکانوں کے خلاف ایف آئی آر درج اور 3 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کا عزم ظاہر کیا اور تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے قوانین پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔