اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے، کیونکہ لنڈے کے کپڑے، جوتے اور جرسیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، اور غریبوں کے لیے ضروریات زندگی پوری کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی جوتوں، سوئٹرز، جرسیوں اور بچوں کے یونیفارم کی قیمتوں میں دکانداروں نے خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقہ جب سردی سے بچنے کے لیے بازار کا رخ کرتا ہے، تو انہیں منہ مانگے داموں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے دکانداروں اور خریداروں کے درمیان تکرار کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

کم آمدنی والے والدین کا کہنا ہے کہ سکول جانے والے بچوں کے سوئٹرز، یونیفارمز اور جوتے خریدنا اب انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ مختلف دکاندار اپنے دکان کے کرایہ جات اور ملازمین کے اخراجات کے پیش نظر قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں۔

مہنگائی کی وجہ سے غریب طبقہ سخت پریشانی کا سامنا کر رہا ہے۔ شہریوں محمد ایاز، عبدالرحمن، ایاز شدہد اور دیگر نے حکومتی اقدامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکام عوام کے مسائل سے بے خبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے سردیوں میں تن ڈھانپنا اب ایک سنگین چیلنج بن چکا ہے۔ لنڈا بازار، جو کبھی غریبوں کے لیے ایک ریلیف کا ذریعہ تھا، اب مہنگائی کی لپیٹ میں آ کر غریبوں کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن چکا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو غریبوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اور بے لگام مہنگائی کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ عام آدمی کی زندگی آسان ہو سکے۔

Shares: