لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس نے ضلع کرم میں جاری فرقہ ورانہ فسادات اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور ارباب اختیار سے ضلع کرم کے صحافیوں اور عام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ صحافی جنان حسین کی شہادت کے بعد آج ایک اور صحافی محمد ریحان کے گھر کو نذر آتش کرنا تشویشناک ہے، جس نے صحافی برادری کو مزید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔

ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی قیادت نے قاضی فضل اللہ کی صدارت میں ایک اجلاس میں ضلع کرم میں جاری خونریزی پر حکومتی غفلت پر تشویش کا اظہار کیا۔ قاضی فضل اللہ نے کہا کہ بے گناہ معصوم شہریوں کا قتل عام سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے، اور اب صحافی برادری بھی ان فسادات کی زد میں آ گئی ہے۔ جنان حسین کا قتل اور محمد ریحان کے گھر کی آتشزنی ان مسائل کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم کی مخدوش صورتحال میں صحافیوں کی جان و مال غیر محفوظ ہو چکے ہیں، اور یہ ارباب اختیار کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس نے کورکمانڈر پشاور سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کرم کے صحافیوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کریں تاکہ علاقے کی صحافی برادری کو تحفظ مل سکے۔

Shares: