قصور (باغی ٹی وی،بیورو رپورٹ) پریس کلب قصور کے بانی چیئرمین ڈاکٹر فضل رحیم نے مشاورتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سینئر اور جونئیر صحافیوں کی عزت کی جانی چاہیے اور سب کو مل کر پریس کلب اور آئین کی بحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو صحافی اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے، انہیں بھی مشاورت میں شامل کیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تمام گروپوں کی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

اجلاس میں صحافیوں کی مشاورت سے سینیئر ممبران پر مشتمل رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں راجہ محمد یونس کیانی ایڈووکیٹ، چوہدری زاہد حسین، ڈاکٹر امتیاز بھٹی، شفیق سالک، ڈاکٹر یوسف ارائیں، ڈاکٹر آصف اقبال، رحمت علی طاہر، عمر مغل، اطہر قصوری اور شریف سوہڈل ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ اس کمیٹی کا مقصد پریس کلب قصور میں آئین کے مطابق انتخابات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

ڈاکٹر فضل رحیم نے کہا کہ پریس کلب قصور میں 30 دسمبر تک انتخابات ضروری ہیں تاکہ جمہوری عمل کی بحالی ہو اور پریس کلب کی رونقیں واپس آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے صحافیوں کی عزت اور وقار میں بھی اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں بانی ممبر محمد رفیق نٹار، سینئر صحافیوں اور دیگر معززین نے شرکت کی اور پریس کلب کی بحالی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

Shares: