لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حکومت صوبہ میرے حوالے کرے اگر پھر احتجاج ہوجائے تو استعفیٰ دے دوں گا۔
باغی ٹی وی : گورنر پنجاب نے پی ٹی آئی احتجاج کے باعث سڑکوں کی بندش کے حوالے سے اپنا بیان جاری کیا ہے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پی ٹی آئی کی قیادت میں سے کوئی بھی احتجاج میں شریک نہیں ہوتا۔ موجودہ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی طور پر اس مسئلے کو حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے احتجاج کا اعلان کرتے ہیں تو حکومت فوراً کنٹینر لگا دیتی ہے، موٹر وے اور سڑکوں کو کھولیں، پنجاب مجھے دے دیں کچھ بھی نہیں ہوگا، اگر احتجاج ہو جائے تو استعفیٰ دے دوں گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باسث حکومت نے اسلام آباد کے راستے بند کردیے، دارالحکومت کو جانے والے زیادہ تر راستوں پر بندش ہے اور چھبیس نمبر چُنگی کنٹینر لگا کر مکمل سیل کردی گئی، سری نگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند ، مختلف شاہراہوں پر کنٹینر رکھ کر راستے بند کردیئے گئے،راولپنڈی آئی جے پی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے-
مری سے آنیوالی سڑک کو کنٹینر رکھنے کے علاوہ بعض مقامات سے کھود کر بند کردیا گیا ہے اُدھر موٹرویز صبح سے بند ہیں، راستے بند ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں اس کے علاوہ جہلم کی اہم شاہراہوں پر بھی کنٹینر کھڑے کردیے گئے ، فیصل آباد کے دا خلی راستے بھی بند ہیں اور لاہور، پشاور اور فیصل آباد سے اسلام آباد کیلئے جانے والی موٹر ویز بھی بند کردی گئیں۔








