اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہر صورت احتجاج کا اعلان کیا ہے، حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کی تیاری مکمل کرلی۔

باغی ٹی وی :شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز کی بندش کا سامنا ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ صرف سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں ہی موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کی جائے گی،ملک کے دیگر حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج آج ہونے جا رہا ہے، جس کے پیش نظر وفاقی حکومت نے انتظامی اقدامات بڑھا دیئے ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے قافلے صوابی پہنچیں گے اور پھر صبح 11 بجے مرکزی قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب چل پڑیں گے۔

اس حوالے سے اسلام آباد آنے والے راستے بند اور ہرطرف کنٹینرز ہی کنٹینرز لگادیئے گئے، لاہور کے تمام داخلی راستے بھی سیل کردیئے گئے جبکہ گوجرانوالہ، ٹیکسلا، جہلم کی شاہراہوں پر سمیت 24 مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اور منگلہ پل بھی بند کردیا گیا، اس کے علاوہ میٹرو سروس معطل، بس اڈے بند، ہوٹل اور ہاسٹل بھی خالی کرالیے۔

داخلی و خارجی راستوں پر پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ 17 اضلاع کے ڈی پی اوز اٹک اور راولپنڈی میں تعینات کردیئے گئے جبکہ اٹک فورس کو 40 ہزار شیل بھی دے دیئے گئے-

پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، 6 ہزار پولیس اہلکار اور افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 2 ہزار پولیس نفری بیک اپ کے لیے تیار ہے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد داخلے کے لیے 135 بلاگنگ پوائنٹس اور چوکیاں قائم ہیں، اینٹی رائڈ اور ایلیٹ فورس کو فسادات سے نمٹنے کے لیے آلات فراہم کردیئے گئے۔

پولیس اہلکاروں کو موبائل فون کے استعمال سے روک دیا گیا، انٹرینٹ کی سہولت انتہائی سلو کردی گئی جبکہ میٹرو بس سروس تاحکم ثانی بند ہے، جڑواں شہروں کا مرکزی رابطہ پل فیض آباد انٹرچینج ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، اسلام آباد ایکسپریس وے اور آئی جی پی روڈ کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا جبکہ مری روڈ کو فیض آباد سے صدر تک مختلف پوائنٹس سے بند کر دیا گیا70 مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، پولیس کو آنسو گیس کے شیل فراہم کردیئے گئے-

علاوہ ازیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جی ٹی روڈ اٹک خورد کے مقام کو دونوں اطراف سے کنٹینر لگا کر مکمل سیل کردیا گیا، اٹک خورد چیک پوسٹ پر رینجر، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

موٹروے ایم ون بھی 3 مختلف مقامات سے دونوں اطراف سے مکمل بند ہے جبکہ پی ٹی آئی ضلع اٹک کی قیادت اور کارکنان خیبرپختونخوا پہنچ چکے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے قافلے کو پنجاب داخلے سے روکنے کے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے جبکہ فورسز موٹروے اور جی ٹی روڈ پر الرٹ ہے۔

ادھر پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے، جس کے باعث شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے احتجاج کے باعث تمام رابطہ سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کر دیا گیا، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

شاہدرہ اور بتی چوک جانے والی سڑک کو بھی دونوں اطراف سے بند کیا گیا، آزادی فلائی اوور پر بھی کنٹینرز موجود ہیں، جبکہ آزادی فلائی آوور پر پولیس کی نفری موجود ہے،لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بھی بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کردیئے گئے جبکہ لاہور رنگ روڈ تمام انٹرچینجز سے ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔

راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل، ایسٹرن بائی پاس اور بابوصابو مکمل ان اور آؤٹ کے لیے بند ہیں، ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک کیلئے کھلا ہے، رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روز، گجومتہ ٹریفک کے لیے کھلے ہیں، ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

Shares: