لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے،بانی پی ٹی آئی عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کردیں۔
باغی ٹی وی: احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک سیاسی جماعت بار بار پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے، پا کستان کوئی عام معمولی ملک نہیں ہے،پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا ملک ہے،حکومت یہ اقدامات خوشی سے نہیں اٹھا رہی ،نہوں نے حکومت کی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھایا، آخر اس فساد کو کرنے کی ضرورت کیاہے؟-
احسن اقبال نے کہا کہ نو مئی کے بعد اس گرو سے خیر کی توقع رکھنا رسک والی بات ہے، امید ہے ان کا دھرنا آج ناکام اور حالات ٹھیک ہوجائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری انتظامیہ کی جانب سے نہیں کی گئی جو رہائی کا مطالبہ مان لیا جائے، ان کے مقدمات عدالت میں ہیں، حکومت کے پاس چھوڑنے کا اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی آج عدالتی و قانونی مقدمات میں گرفتار ہیں،رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے،بانی پی ٹی آئی عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کردیں،بانی پی ٹی آئی کو تمام مقدمات میں خود کو کلیئر کرانا ہوگا، مسلم لیگ ن کی قیادت بانی پی ٹی آئی کے انتقام کا نشانہ بنی، ہم نے کبھی برطانیہ جا کر کسی کے پاؤں نہیں پکڑے،ہم نے کسی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر جاکر پاکستان کیخلاف نہیں بولا،ہم نے گھر کی جنگ گھر میں ہی لڑی-
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے اپنے کیس عدالتوں میں لڑے تھے،ان کے وکلا کی ٹیم مسلسل ان کے کیسز کے ٹرائل میں التوا کررہی ہے،بانی پی ٹی آئی کے وکلا پیش ہونے کے بجائے بہانے کرتے ہیں،بشریٰ بی بی بھی ضمانت لینے کے بعد عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں،یہ وہی مہاتما ہیں جنہوں نے ایم پی ایز کو بنی گالہ بلا کر پی ٹی آئی کے پٹے ڈالے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی مہاتما ہے جو 2014 میں اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے حکومت میں آئے تھے اور اب ایمپائر کی طرف دیکھ رہے ہیں، جنہوں نے 2018 کے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر آر ٹی ایس سسٹم بٹھایا تھا، آج بھی وہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، یہ کونسی آزادی کی جنگ ہے؟