سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے سیالکوٹ کا دورہ کرتے ہوئے کشمیر روڈ اور سینٹرل ریسکیو اسٹیشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ریسکیو گاڑیوں، آلات، ریسکیورز کی جسمانی فٹنس، پریڈ اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے انہیں کشمیر ریسکیو اسٹیشن کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد رضا، شفٹ انچارج سلیمی اور ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب بھی موجود تھے۔
ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو گاڑیوں اور موٹر سائیکل ایمبولینسز کے اندر موجود آلات، اسٹورز، اور اکاؤنٹ آفس کا معائنہ کیا اور آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریسکیورز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ریکارڈ کو ہمیشہ اپڈیٹ رکھا جائے اور آپریشنل مشقوں کے ذریعے ریسکیورز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شفٹ میں ریسکیورز کو ایمرجنسی یا ڈزاسٹر کی صورت میں بروقت اور موثر امدادی کارروائیوں کے لیے تیار رہنا چاہیے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔