ننکانہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سے پانچ یوپی ایس غائب، انکوائری رپورٹ تاخیر کا شکار
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں کرپشن کی سنگین کہانی سامنے آئی ہے، جہاں کمپیوٹرز کے استعمال کے لیے نصب لاکھوں روپے مالیت کے پانچ یوپی ایس پراسرار طور پر غائب ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کے سخت احکامات کے باوجود تحقیقات ایک ماہ بعد بھی مکمل نہ ہو سکیں، جس سے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے 28 اکتوبر کو دورہ ہسپتال کے دوران انکشاف ہوا کہ پرچی کاؤنٹرز پر موجود یوپی ایس غائب ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے فوری تحقیقات اور تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ضلعی محکمہ صحت نے اس سلسلے میں ڈاکٹر محمد افضل کی سربراہی میں ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی، جس میں ایڈمن آفیسر وقاص سرور اور ڈی این ایس ارشاد بیگم شامل تھے۔ تاہم یہ کمیٹی تاحال رپورٹ جمع کرانے میں ناکام رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ غائب یوپی ایس کو فائلوں میں ڈھونڈنے میں مصروف ہے لیکن اس پراسرار معاملے کا کوئی حل نہیں نکل سکا۔ سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین غفلت کا نوٹس لیں اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کریں تاکہ مریضوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے اور کرپشن کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔