اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج، رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی گئی، 4 شہید، 100 سے زائد زخمی
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شدید تشویشناک واقعات سامنے آئے ہیں۔ نصف شب کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے سری نگر ہائی وے پر رینجرز کے اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں چار رینجرز اہلکار شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے میں پانچ رینجرز اور پولیس کے جوان بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے 26 نمبر چونگی سے گزرتے ہوئے سری نگر ہائی وے کی جانب پیش قدمی کی، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی چوک کو صحافیوں سے خالی کروا کر سیل کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے شر پسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک رینجرز کے چار جوان شہید، پولیس کے دو جوان شہید ہو چکے ہیں اور سو سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہیں، جن میں سے کئی کی حالت انتہائی نازک ہے۔
احتجاجی مظاہروں کے دوران اشتعال انگیزی اور تشدد کی کارروائیاں بڑھتی جا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف قانون نافذ کرنے والے ادارے نشانہ بنے ہیں بلکہ عوامی املاک اور سیکیورٹی کی صورت حال بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔








