ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر) وسائل میں توازن کے لیے شعور سے آبادی میں کمی ممکن ہے،ہما مہدی لغاری
تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں عوامی رویوں میں مثبت تبدیلی کے باعث ضلع ڈیرہ غازی خان میں آبادی کی شرح 2.989 سے کم ہو کر 2.83 پر آ گئی ہے۔ تاہم معاشی اور معاشرتی جرائم سے بچنے کے لیے آبادی اور وسائل کے درمیان توازن قائم کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری نے مقامی صحافیوں اور کالم نویسوں کے ساتھ آگاہی و مشاورتی سیشن کے دوران کیا۔
ہما مہدی لغاری نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی ملکی وسائل کو ختم کر رہی ہے۔ جب تک آبادی اور وسائل میں توازن نہیں آئے گا، خوشحال گھرانے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بہبود آبادی ڈائریکٹر جنرل ثمن رائے کی ہدایت پر مختلف طبقات کے ساتھ آگاہی سیشنز منعقد کر رہا ہے تاکہ عوام کو بڑھتی ہوئی آبادی کے منفی اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔
سیشن میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی محمد فیاض، سینئر صحافی محمد اشرف بزدار، ریاض جاذب، ملک سراج، چوہدری شکیل احمد ،ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی،سعیداحمدشاہ، محمد شاہد اور دیگر نے شرکت کی اور میڈیا کے کردار اور حکومتی ذمہ داریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے شعور بیدار کرنے میں میڈیا کے اہم کردار کو سراہا اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔