دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای)نے پاکستان کے لیے ویزوں کی پابندی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔

باغی ٹی وی : یو اے ای کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق ال رمیثی نے ایک تقریب کے دوران کہا کہ ’یہ جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا، ’جو بھی ویزا حاصل کرنا چاہتا ہے وہ یو اے ای ویزا سینٹر آئے۔‘

قونصل جنرل نے اسلام آباد کے ساتھ یو اے ای کی حمایت کو بھی دوبارہ یاد دلایا اور کہا کہ ’ہمیں اپنے حکومت سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونے کا حکم ملا ہے، آئندہ ایک یا دو ماہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ترقی دیکھنے کو ملے گی۔

یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ہفتے پاکستان کی سفارتخانے نے میڈیا رپورٹس کو مسترد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ یو اے ای حکومت نے پاکستانیوں پر ویزا پابندی لگانے کے حوالے سے ایک دستاویز جاری کی تھی، ان رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ یو اے ای کابینہ کے اجلاس میں پاکستانیوں کے ویزے پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اگست میں بھی یو اے ای قونصل جنرل نے ایسی افواہوں کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستانیوں کو سوشل میڈیا پر اپنے ملک، اداروں یا سیاستدانوں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے سے بچنا چاہیے،چاہے آپ پاکستان میں ہوں یا یو اے ای میں، جو کچھ بھی آپ سوشل میڈیا پر شیئر یا لائیک کرتے ہیں وہ آپ کے لیے ایک ڈیجیٹل نشان چھوڑتا ہے، اگر آپ کچھ غلط شیئر کرتے ہیں تو اس کا نتیجہ ویزا رد یا بین ہو سکتا ہے۔

Shares: