اسلام آباد: تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد موٹر وے کھول دی گئی ہے۔
باغی ٹی وی : ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور اسلام آباد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا،موٹروے ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان، موٹروے ایم3 کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور لاہور کے روڈ بھی ٹریفک کے لئے بحال کر دیئے گئے ہیں، اسلام آباد میں گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے لگی جہاں کنٹینرز موجود ہیں انہیں ہٹانے کا عمل جاری ہے، اسلام آباد میں جہاں جہاں کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے گئے تھے، ان رکاوٹوں کو ہٹا کر تمام سڑکیں ٹریفک کے لئے بحال کی جا رہی ہیں،جبکہ ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں شاہر ا ہوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے، احتجاج کے باعث گزشتہ 3 روز سے معطل ہونے والی انٹر نیٹ سروس بھی بحال ہوگئی۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو علاقے میں موجود کنٹینرز ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے راستے فی الفورکھولے جا رہے ہیں، کوشش ہے کہ صبح ہونے سے قبل شہریوں کے لیے راستے کھول دیے جائیں گے-
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر کی تمام شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی صبح تک مکمل ہونے کو یقینی بنائے جائیں۔
ادھر پی ٹی آئی احتجاج کے باعث 3 دن سے بند مری روڈ سے کینٹینرز ہٹائے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کے احتجاج پر 23 نومبر کی شب مری روڈ کو مکمل سیل کر دیا گیا تھا مری روڈ فیض آباد، شمس آباد اور اسٹیڈیم روڈ کے کاروبار 3 دن سے بند ہیں، مری روڈ سے کینٹینرز ہٹانے کا عمل جاری ہے، گزشتہ 3 روز سے معطل ہونے والی انٹر نیٹ سروس بھی بحال کردی-
دوسری جانب ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، لاہور اسلام آباد، لاہور سیالکوٹ موٹروے، ایسٹرن بائی پاس بھی کھول دیا گیا ہے لاہور رنگ روڈ ٹریفک کیلئے کھلی ہے اور شہرکے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، دوسری جانب اسلام آباد میں ٹریفک بحال ہو گئی ہے۔