وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیاء میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
وزیرِ اعظم نے ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم اور ملائیشیاء کے عوام کے ساتھ دلی اظہار یکجہتی کیا ہے،وزیر اعظم نے تیس ہزار سے زائد متاثرہ لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے،اور کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیاء دیرینہ دوست اور برادر ممالک ہیں.ملائیشیاء کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم پاکستان کے دوست ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا.دکھ کی اس گھڑی میں ملائیشیاء کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں.پاکستان جس قدر ہو سکا، ملائیشیاء میں مصیبت زدہ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرے گا. ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں. ماحولیاتی تبدیلی کو روکنے کیلئے پوری دنیا کو اکٹھا ہو کر اقدامات کرنے ہونگے.
واضح رہے کہ ملائیشیا میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کئی شہر اور دیہات زیر آب آگئے ہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق، سیلاب نے خاص طور پر ملک کے وسطی اور مشرقی حصوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جہاں سینکڑوں گھروں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جنوبی ملائیشیا میں آنے والے سیلاب نے 40 ہزار افراد کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے،کئی دنوں کی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے سنگاپور کی سرحد سے متصل ملائیشیا کی جنوبی ریاست جوہر میں تباہی مچا دی ہے،سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کیلئے 200 سے زائد امدادی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں،ان پناہ گاہوں میں سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کا عمل جاری ہے، امدادی اور فلاحی کاموں میں مختلف ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔