پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 304 رنز کا ہدف دے دیا۔ اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز مضبوط تھا اور کامران غلام نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کامران غلام نے 99 گیندوں پر ایک شاندار سنچری اسکور کی اور 103 رنز کے ساتھ ٹیم کے سب سے بڑے اسکورر بنے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کامران کی یہ سنچری پاکستانی ٹیم کے لیے حوصلے کا باعث بنی اور انہوں نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔اس کے علاوہ، عبداللہ شفیق نے 50 رنز کی ایک اہم اننگز کھیلی اور صائم ایوب نے 31 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 37 رنز بنائے اور سلمان علی آغا نے 30 رنز کی مدد سے پاکستان کے اسکور کو بڑھایا۔پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں میں عرفان خان صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ طیب طاہر اور عامر جمال بالترتیب 29 اور 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے آخری اوورز میں اپنی رفتار تیز کی، جس کی بدولت 300 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ اس کے باوجود، زمبابوے کے لیے 304 رنز کا ہدف آسان نہیں ہوگا، اور انہیں اس میچ میں کامیابی کے لیے شاندار بیٹنگ کی ضرورت ہوگی۔
واضح رہے کہ تین میچز کی سیریز کا اس وقت ایک ایک سے برابر ہے، اور آج کا میچ فیصلہ کن ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے اس میچ میں اچھا مجموعہ اسکور کیا ہے، اور اب زمبابوے کو یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔
قبل ازیں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میچ میں میزبان ٹیم زمبابوے پہلے بولنگ کرے گی۔ٹاس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ینگ ٹیلنٹ کو موقع دے رہے ہیں تاکہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری میں مدد مل سکے۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔”دوسری جانب زمبابوے کے کپتان نے کہا کہ "اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کرتے، تاہم ہم سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔”
یہ تین میچز کی سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے، اور اس میچ کا نتیجہ سیریز کے فاتح کا فیصلہ کرے گا۔
پاکستانی ٹیم میں صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، عرفان نیازی، عامر جمال، حارث روف، فیصل اکرم اور ابرار احمد شامل ہیں۔