اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور موجودہ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کی زندگی کو بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور اور اُن کے حواریوں سے خطرہ ہے۔

باغی ٹی وی : سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ میں آج بھی اپنی بات پر کھڑا ہوں کہ ‏خان کی زندگی کو بی بی، گنڈا پور اور ان کے حواریوں سے خطرہ ہے عمران خان کی جان کو خطرے کا پہلا ثبوت مفرور بھگوڑے قاسم سوری کا ٹویٹ ہے جس میں اُس نے خان کے ذہنی توازن کھو بیٹھنے یعنی خان کو پاگل قرار دینے کا بیانیہ بنانے کی شروعات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب قوم سمجھ رہی ہے کہ یہ سب مل کر کیا کرنا چاہ رہے ہیں؟ لیکن ہمیں خان کی زندگی عزیز ہے اور ہمیں بانی پی ٹی آئی کو ان لوگوں سے بچانا ہے، دوسری جانب علیمہ خان نے قاسم سوری کے اس گھٹیا ٹویٹ کی تردید کی ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ گنڈاپور کا جیمز بانڈ کی طرح فرار ہونا ڈرامے بازی ہے بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے منتقل کیا جانا ممکن ہے، بانی کی جان بچانی ہے تو بی بی سے جان چھڑانا ہوگی،جب تک بی بی کی رسائی نہیں ہے خان محفوظ ہے یہ کھلاڑی بڑے عقلمند لوگ ہیں، خیبرپختونخوا میں گورنر راج نہیں لگ رہا، پی ٹی آئی اب کئی ماہ تک احتجاج نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو کوئی ایسی چیز دی گئی ہے، جس سے ان کا ذہنی توازن بگڑنے کا خطرہ ہے اور ان کی جان کو بھی ’شدید خطرات‘ لا حق ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں قاسم خان سوری نے لکھا کہ قریبی ذرائع بتاتے ہیں کہ ’عمران خان کو ایک چھوٹے سے کمرے میں بند کرکے کسی زہریلی چیز کا سپرے کیا گیا ہے، جس کی بو ان کے ذہن پر اثر کر رہی ہے، عمران خان کی طبیعت خراب ہے اور جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں عمران خان کا شفاف طبی معائنہ کرواکر ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

Shares: