انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ سمیت 6 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ یہ حکم جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت کے دوران دیا گیا۔
عدالت کی جانب سے یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ملزمان، جن میں عالیہ حمزہ، فرحان بخاری، عاطف منیر، صغیر کمال، عباس علی اور عمران شامل ہیں، جیل ٹرائل کے دوران عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ ملزمان کی عدم حاضری کے سبب ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں۔عدالت نے مزید حکم دیا کہ تمام ملزمان کو 19 دسمبر تک گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ یہ کیس جناح ہاؤس پر حملے کے حوالے سے درج کیا گیا ہے، جس میں تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں پر الزام عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 مئی کو ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور حملوں کی قیادت کی تھی، جس میں ملکی اداروں کی عمارتوں اور اثاثوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔