شام میں حکومتی فورسز کے ساتھ جاری لڑائی میں باغی جنگجوؤں نے ایک اور اہم شہر حما پر بھی قبضہ کرلیا ۔
باغی ٹی وی : روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے بتایا کہ شدید لڑائی کے بعد شہریوں کی حفاظت اور شہر میں لڑائی سے بچنے کے لیے شہر کے باہر مزید فوج تعینات کی جارہی ہے۔
دوسری جانب باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ جنوب میں حمص کی جانب پیش قدمی کی تیاری کر رہے ہیں، جو شام کے دارالحکومت دمشق کو شمال اور ساحلی علاقے سے جوڑنے کا اہم شہر ہے،شام کے باغیوں نے آن لائن پوسٹ میں پیغام دیا کہ آپ کا وقت آچکا ہے اور کہا کہ شہر کے باسی انقلاب کے لیے اٹھ کھڑے ہوگئے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیم شامی آبزرویٹری نے بھی باغیوں کی جانب سے حماہ شہر کےگورنرہاؤس پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا شامی آبزرویٹری نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ حکومت مخالف باغیوں نے حماہ سینٹرل جیل سے تمام قیدیوں کورہا کردیا ہے، تاہم شام کی مسلح افواج نے باغیوں کے حماہ گورنریٹ پرقبضےکی تصدیق نہیں کی ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق حماہ پر قبضے کے بعد باغی حمص شہر پر قبضہ کرسکتے ہیں جس کے نیتجے میں دارالحکومت دمشق کا ساحلی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوجائے گا جہاں روسی فوج کا بحری اور فضائی اڈہ موجود ہے۔
واضح رہے کہ شامی باغیوں نے گزشتہ دنوں ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب پر بھی قبضہ کرلیا تھا،حلب کے بعد حما جیسے اہم شہر سے قبضہ چلا جانا شام کے صدر بشارالاسد کے لیے بڑا دھچکا ہے اور باغیوں کی جنوب کی طرف تیزی سے پیش قدمی جاری رکھنے کے خدشات ہیں۔