تحریک انصاف کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر پنجاب جاوید بدر نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے نام کھلا خط لکھ کر ماضی میں کی گئی الزام تراشیوں پر معافی مانگ لی ہے
تحریک انصاف کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر پنجاب، جاوید بدر نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام ایک کھلا خط لکھ کر ماضی میں کی جانے والی الزام تراشیوں اور سیاسی حملوں پر معافی مانگ لی۔ انہوں نے اس خط میں اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا اور نواز شریف سے امید ظاہر کی کہ وہ انہیں معاف کر دیں گے۔جاوید بدر نے اپنے خط میں کہا، "میں نواز شریف سے اپنی تمام گستاخیوں اور الزام تراشیوں پر معافی مانگتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ آپ میری ان غلطیوں کو جہالت اور نادانی سمجھ کر معاف کر دیں گے۔”
پی ٹی آئی میں اتنے سال رہنے کے دوران میں نے جس پر بھی الزام تراشی کی غیر دانستہ طور پر جھوٹا پراپیگنڈہ کیا تبدیلی کے نام پر نوجوانوں کی غیر سیاسی ذہنی تربیت کی میں اُن سب سے مُعافی کا طلبگار ہوں🙏
زمانہ جاہلیت میں جاہلوں کے تبدیلی والے نعرے نے مُجھے بھی غیر اخلاقی بنا دیا تھا😢
— Javed Badar Pakistan🇵🇰(Awami Inqalaab) (@jkhanbadar) December 5, 2024
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معافی کسی سیاسی دباؤ یا لالچ کے تحت نہیں بلکہ صرف آخرت کے خوف اور ضمیر کی آواز پر لکھا گیا ہے۔ جاوید بدر نے اعتراف کیا کہ وہ اور ان کے ہم خیال افراد نے ماضی میں پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ مل کر قوم کے نوجوانوں کی غلط سیاسی تربیت کی اور اس تربیت کے اثرات آج بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تربیت کا اثر نہ صرف نوجوانوں پر پڑا، بلکہ ان کے والدین اور پورے ملک پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔جاوید بدر نے خط میں مزید کہا، "نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، انہیں جیل میں ڈالا گیا، لیکن اللہ تعالیٰ کا انصاف برحق ثابت ہوا اور نواز شریف کو دوبارہ عزت اور مقام حاصل ہوا۔”
انہوں نے سیاسی اعتبار سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پاکستان میں سیاسی زہر پھیلایا گیا اور نوجوانوں کے ذہنوں میں انتشار کا بیج بویا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جب عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا اور بشریٰ بی بی کو کرپشن کی کھلی اجازت دی، تو وہ اس وقت پارٹی سے الگ ہو گئے۔
جاوید بدر نے اپنی خط میں پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "پی ٹی آئی حکومت نے خزانہ خالی کیا، بین الاقوامی تعلقات خراب کیے اور فوج کے خلاف شرانگیز مہم چلائی۔” انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ نواز شریف اور ان کی ٹیم نے ملک میں استحکام پیدا کیا اور ان کی حکومت کو اس بات کا خراج تحسین پیش کیا۔
جاوید بدر نے اپنے خط کے اختتام میں کہا کہ اگر کبھی نواز شریف سے ملاقات ہوئی تو وہ ان کے سامنے اپنی تمام غلطیوں کا اعتراف کریں گے۔
یہ کھلا خط ایک بڑی سیاسی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں ایک سابق پی ٹی آئی رہنما نے نہ صرف اپنی جماعت بلکہ ماضی کے سیاسی حلیفوں کی پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھائے اور ان سے تائب ہونے کا اظہار کیا۔








