لنڈی کوتل( باغی ٹی وی رپورٹ)ایس پی ایل کا اختتام، ایم ڈی کے کرکٹ کلب نے ٹرافی جیت لی

تفصیل کے مطابق وی سی 3 ریلوے اسٹیشن کرکٹ گراؤنڈ پر اسٹیشن پریمیئر لیگ (SPL) کے سنسنی خیز مقابلوں کا اختتام ہوا، جس کے فائنل میں ایم ڈی کے کرکٹ کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیراہ زلمی کرکٹ کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

فائنل میچ میں تیراہ زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایم ڈی کے کلب کو ایک معتدل ہدف دیا، جسے ایم ڈی کے کلب نے باآسانی حاصل کر کے فتح حاصل کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری تھے جبکہ طورخم کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شینواری، کابینہ ممبران، تحصیل کونسل ممبران، عمائدین علاقہ، اور کثیر تعداد میں شائقین نے شرکت کی۔

مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کو موٹر سائیکل اور نقد انعام سے نوازا جبکہ رنر اپ ٹیم کو کیش انعام دیا گیا۔ مین آف دی میچ اور مین آف دی ٹورنامنٹ کو بھی خصوصی نقد انعامات پیش کیے گئے۔ شاہ خالد شینواری نے پچاس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا جبکہ مجیب شینواری نے مزید 20 ہزار روپے دیے۔

ٹورنامنٹ آرگنائزر شاہ فہد شینواری نے تمام مہمانوں، اسپانسر ضیاء الدین شینواری، اور ڈے نائٹ ہوٹل کے مالک کا شکریہ ادا کیا اور ٹورنامنٹ کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔

ایس پی ایل کے اس ایونٹ نے کرکٹ کے شائقین کو سنسنی خیز لمحات فراہم کیے اور کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

Shares: