اسلام آباد: شام میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزارت خارجہ نے شام میں موجود پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا ہے۔
باغی ٹی وی :شام کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ دمشق میں پاکستان کا سفارتی عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے، پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ اور عملہ بھی محفوظ ہے،حکام نے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شام میں موجود پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، اہلخانہ فون نمبر یا ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں شام میں 1200 پاکستانی ہیں، تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور دمشق سفارتخانہ سے رابطے میں ہیں، پاکستان میں رابطے کے لیے درج ذیل فون نمبر: 051-9207887 اور ای میل cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ شام میں موجود پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے شام میں رابطے کے لیے درج ذیل فون نمبر/واٹس ایپ +963987127822، +963990138972 اور ای میل parepdamascus@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغی ملیشیا حیات التحریر الشام نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریباً 250 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ہیں، ہر سال لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام کا سفر کرتے ہیں۔