سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب کی گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 189 کاشتکاروں کو 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی پر ٹریکٹرز فراہم کیے گئے۔
رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی حوالگی کی تقریب میں شرکت کی اور مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع گوجرانوالہ شکیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر رانا قربان علی خان اور ٹریکٹر حاصل کرنے والے خوش نصیب کاشتکار بھی موجود تھے۔
چودھری فیصل اکرام نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 300 ارب روپے کے کسان دوست پروگرام کے ذریعے زرعی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو کسان کارڈ، جدید آلات، سولر ٹیوب ویلز اور دیگر سہولیات سبسڈی پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 16,410 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی قرعہ اندازی لاہور میں کی گئی۔ کامیاب امیدواروں کو آج سے ٹریکٹرز کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔