تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگارمنصور بلوچ) تنگوانی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کی جانب سے دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے خلاف احتجاجی مارچ کیا گیا۔ یہ مارچ تنگوانی کے مانجھی اسٹاف سے شروع ہو کر کندھ کوٹ پریس کلب تک نکالا گیا۔
احتجاج میں ایس یو پی ضلع کشمور کے صدر دلمراد ڈاہانی، ظریت بجارانی، چھوٹو جکراڑی، شانواز مرہٹو، رحمدل لاشاری، نور خان سبزوی، اور عبدالرزاق نندوانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اس اقدام کو دریا ئے سندھ کو بنجر بنانے اور غیرآباد کرنے کی سازش قرار دیا۔
مارچ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس یو پی کے ضلع صدر دلمراد ڈاہانی اور ظریت بجارانی نے کہا کہ دریائے سندھ سے 6 نہریں نکال کر اس کے ماحولیاتی اور زرعی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ اور خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کو اس سازش کا شریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو اعلیٰ عدالتوں میں لے جایا جائے گا۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے از خود نوٹس لینے اور اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج کو مزید وسعت دیں گے۔