ڈیرہ غازی خان: حمام اورہیئر سیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے
ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر)غیرمحفوط حمام اور ہیئرسیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بغیر لائسنس چلنے والے حمام اور ہیئر سیلون عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ ان غیر رجسٹرڈ کاروباروں میں صفائی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور ان کے ناقص اوزار ایڈز اور ہیپاٹائٹس جیسی خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔
ان حماموں میں کام کرنے والے اکثر کاریگر صفائی اور اوزاروں کی سٹرلائزیشن کے بنیادی اصولوں سے ناواقف ہیں۔ ایک طرف تو یہ کارکن معصوم نظر آتے ہیں لیکن دوسری طرف ان کی لاعلمی اور غفلت عوام کی صحت کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔ ناقص بلیڈ، غیر صاف قینچیاں اور بار بار استعمال ہونے والے تولیوں کی وجہ سے کئی افراد خطرناک انفیکشنز کا شکار ہو چکے ہیں۔
صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے کیسز میں ان حماموں کا مرکزی کردار ہے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی بھی سرکاری ادارہ ان کے خلاف کارروائی کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔ نہ ہی محکمہ صحت اور نہ ہی مقامی انتظامیہ ان غیر قانونی اور غیر محفوظ کاروباروں کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ حکومت کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان حماموں اور سیلونز کو رجسٹر کیا جائے اور سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ایڈز جیسی خطرناک بیماریوں کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے، جس سے نہ صرف عوامی صحت متاثر ہوگی بلکہ صحت کے نظام پر بھی ناقابل برداشت دباؤ پڑے گا۔