فرینڈز آف پولیس
تحریر: ملک امان شجاع

صوبہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ صوبائی حکومت نے محکمہ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ اور پولیس قوانین کی آگاہی کے لیے "فرینڈز آف پولیس” پروگرام کا اجراء کیا ہے، جس کے تحت پڑھے لکھے نوجوانوں کو پولیس قوانین و دیگر عوامل سے متعلق جامع تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ معاشرے میں پنجاب پولیس کا مثبت چہرہ پیش کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب کے ویژن کو ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان عملی جامہ پہناتے نظر آتے ہیں۔

ان کی قیادت میں ڈی پی او آفس اٹک میں "فرینڈز آف پولیس” پروگرام کے تحت ٹریننگ کے متعدد سیشن مکمل ہو چکے ہیں، جن میں سینکڑوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ٹریننگ کے بعد تربیتی سرٹیفکیٹ فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ تربیت یافتہ نوجوان محکمہ پولیس کے دست و بازو بن کر مستقبل میں معاشرے کے لیے بہتر خدمات انجام دیں گے اور محکمہ پولیس کے معاون کا کردار ادا کریں گے۔

گزشتہ دنوں بھی ڈی پی او اٹک کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں "فرینڈز آف پولیس سیمینار” کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج اٹک کے سٹاف، طلباء اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ سینئر پروفیسر ملک ماجد خان کی قیادت میں طلبہ و طالبات نے سیمینار میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے قانونی معاملات، پولیسنگ میں استعمال ہونے والی جدید ایپس اور ٹیکنالوجی، کمیونٹی پولیسنگ، اور پولیس کی جانب سے عوام و الناس کو دی جانے والی سہولیات کے متعلق مؤثر معلومات حاصل کیں۔

طلبہ و طالبات کو اقلیتوں، خواتین اور ٹرانس جینڈر کے حقوق کی پاسداری کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیکچرز بھی دیے گئے اور سیف سٹی اٹک کا دورہ بھی کروایا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک، ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے تمام امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "فرینڈز آف پولیس” کا مقصد پولیسنگ کو سمجھنا اور اس سے آگاہی حاصل کرکے فائدہ اٹھانا ہے۔ آپ لوگ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پولیس کے مثبت امیج کو اجاگر کرکے عوام دوست ماحول قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ڈی پی او اٹک نے امیدواروں کو "فرینڈز آف پولیس” کے بیجز لگائے اور ٹریننگ سرٹیفکیٹ بھی دیے۔ ڈی پی او اٹک نے اس موقع پر کہا کہ شہری اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس سے تعاون کریں تو جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔

Shares: