سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیورو چیف شاہد ریاض) مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن کیلئے خصوصی ڈیسک قائم
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری کے تحت ضلع سیالکوٹ کے مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن یونین کونسل کی سطح پر کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ضلع کی تمام یونین کونسلز، ضلع کونسلز، اور میونسپل کارپوریشن کے دفاتر میں رجسٹریشن ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔
یہ ڈیسک پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری کی خصوصی ایپ کے ذریعے مستحق خاندانوں کا ڈیٹا مرتب کریں گے، جس کی بدولت عوامی ریلیف کے لیے شفاف اور موثر منصوبہ بندی ممکن ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق، اس اقدام سے حقیقی مستحقین تک حکومتی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے یونین کونسل ماڈل ٹاؤن سیالکوٹ میں منعقدہ اجلاس کے دوران کہی، جہاں ضلع بھر کے 178 رجسٹریشن ملازمین کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عمر امجد بیگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالجلیل بھٹہ، اور اسسٹنٹ محمد ارشد بھی موجود تھے۔
قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے سیالکوٹ پبلک سکول پسرور روڈ پر منعقدہ فاؤنڈر ڈے کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مختلف ہاؤسز کی پریڈ کا معائنہ کیا اور ننھے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے ملی نغموں اور رنگا رنگ ٹیبلو کی پرفارمنس کو سراہا۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ مستحق خاندانوں کے لیے رجسٹریشن عمل کو صاف، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے تمام محکمے بھرپور تعاون کریں تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔