جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی افغان سفارتخانہ آمد
جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افغان سفارتخانے کا دورہ کیا اور افغانستان کے سفیر سردار احمد جان شکیب سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے معروف طالبان رہنما، ملا خلیل الرحمان حقانی کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے مرحوم ملا خلیل الرحمان حقانی کی روح کے لئے دعاء کی اور ان کی بلندی درجات اور مغفرت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ "ملا خلیل الرحمان حقانی کی شہادت امارت اسلامیہ کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، اور یہ پورے امت مسلمہ کے لیے غم کا موقع ہے۔”جے یو آئی سربراہ نے افغانستان کی موجودہ حکومت امارت اسلامیہ اور مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اس دکھ کی گھڑی میں افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔”اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ جے یو آئی کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری اور مولانا جمال الدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی اس افسوسناک موقع پر اپنی حمایت اور تعزیت کا اظہار کیا۔
ملا خلیل الرحمان حقانی کی شہادت نے افغانستان اور عالمی سطح پر سیاسی و مذہبی حلقوں میں گہری تشویش پیدا کر دی ہے، اور اس حوالے سے مختلف شخصیات کی طرف سے تعزیتی پیغامات آ رہے ہیں۔