ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) پولیس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دو خوارجی دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ غازی خان میں پنجاب خیبرپختونخوا سرحد پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں دو خطرناک خوارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی تھانہ وہوا کے علاقے کوتانی تل میں کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق دہشتگرد پولیس پر راکٹ، ہینڈ گرینیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ آور ہوئے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی نے جوانمردی سے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ اور جدید اسلحہ برآمد ہوا۔

اطلاعات کے مطابق دہشتگرد پنجاب کے تھانوں اور حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس کی بروقت کارروائی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، جبکہ ڈی پی او سید علی فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کارروائی کی نگرانی کی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے پر پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو شاباش دی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔

Shares: