اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر طلال چوہدری نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشرہ علیمہ خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ علیمہ خان کو اپنے انٹرویو میں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔
باغی ٹی وی : رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور تحریک انتشار کا وژن صرف جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد سیاست ہے یہ وہ ٹولہ ہے جو اپنے سیاسی مفاد کے لئے ہر حربہ استعمال کرنا چاہتا ہےعلیمہ خان یہ بتائیں کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہو ئے عوام کو کیا دیا؟ بانی پی ٹی آئی نے صرف اپنے اور اپنے خاندان کے مفادات کا تحفظ کیا، سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنانے کا دعویٰ کرنے والوں کو کیا معلوم کہ ملک معاشی وژن سے چلتا ہے سلائی مشینوں کی کمائی سے نہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہوئے قومی پیسہ لوٹ کر اپنے اور اپنے خاندان کے لئے جائیدادیں بنائیں توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کی چوری کا حساب تو دینا ہوگا عمران خان نے جو جرم کیا اس کی سزا بھگت رہے ہیں، توشہ خانہ چوری، القادر ٹرسٹ پراپرٹی ،ممنوعہ فنڈنگ اور 9 مئی واقعات عوام نہیں بھولے، علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہےاسی وجہ سے ایسی بے بنیاد باتیں کر رہی ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ آپ اور آپ کی پارٹی 9 مئی اور 26 نومبر کے سانحات میں ملوث ہے، آپ لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے کئے پر پردہ نہیں ڈال سکتیں پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا خون حساب مانگ رہا ہے بانی پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیاعوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے تحائف دیئے علیمہ خان کو اپنے انٹرویو میں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے مطالبات نہ مانے گئے تو ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام اور بے گناہ کارکنوں کی رہائی بانی کے مطالبات ہیں، بانی نے یہی دو مطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف بھیجا ہے۔








