دبئی: آئی سی سی کی ہفتہ وار رینکنگ جاری ، بابراعظم کی ٹی 20 اور ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی ہوگئی۔
باغی ٹی وی: آئی سی سی کی نئی رینکنگ کے مطابق انگلش بیٹسمین جو روٹ نے ٹیسٹ بیٹرز میں پہلے نمبر پر آگئے، جو روٹ اپنے ہم وطن ہیری بروک کو پیچھے چھوڑ کر نمبر ون ٹیسٹ بلے باز بنے ہیں، قابل ذکر بات یہ ہے کہ انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے آخری ٹیسٹ میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اسی میچ میں جو روٹ نے پہلی اننگز میں 32 رنز اور دوسری اننگز 54 رنز بنائے تھے۔
تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے سعود شکیل 10 ویں نمبر پر موجود ہیں، پاکستانی بلے باز بابر اعظم ایک درجہ بہتری کے ساتھ 17 ویں نمبر پر آگئے، بھارتی بلے باز شبمن گل ایک درجہ چھلانگ لگا کر 16 ویں نمبر پر آگئے بھارتی کپتان روہت شرما ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں 30 ویں، ویرات کوہلی 20 ویں اور محمد رضوان 21 ویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ بولرز میں جسپریت بمراہ بدستور سرفہرست ہیں، جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا دوسرے اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ تیسرے نمبر پر برقرار ہیں،جبکہ پاکستان کے نعمان علی 10 ویں نمبر پر موجود ہیں،باؤ لنگ میں نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری دو درجہ ترقی سے ساتویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، نیتھن لیون آٹھویں، جیسوریا نویں نمبر پر چلے گئے،انگلش آل راؤ نڈر گس ایٹکنسن کی 5 درجہ ترقی ہونے سے وہ آٹھویں نمبر پر آ گئے، بین اسٹوکس، اکشر پٹیل اور پیٹ کمنز کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں ٹریوس ہیڈ پہلے نمبر پر ہیں، بابراعظم ایک درجہ ترقی پاکر چھٹے نمبر پر آگئے، محمد رضوان دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے، جنوبی افریقا کے ریزا ہینڈرکس 6 درجے بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر آگئے۔








