اندور: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں نئے سال سےبھیک دینے والوں کے خلاف قانون نافذ کیا جائے گا، گداگری کے خلاف جاری مہم میں تو ہمیشہ بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی جاتی رہی ہے، لیکن اب بھیک دینے والوں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اِندور میں بھکاریوں کو پیسے دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہےبھیک مانگنے کے خلاف آگاہی مہم اس ماہ کےآخر تک جاری رہے گی اور یکم جنوری سے بھیک دینے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اِندور پولیس کا کہنا ہے کہ بھیک کے خلاف ہماری مہم اس ماہ کے آخر تک چلے گی اور یکم جنوری سے بھیک دینے والوں پر ایف آئی آر کاٹی جائےگی پولیس حکام نے لوگوں سے درخواست کی کہ بھکاریوں کو بھیک دے کر اس گناہ میں حصے دار نہ بنیں۔
کلکٹر اندور، اشیش سنگھ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں پہلے ہی بھیک مانگنے پر پابندی تھی، لیکن اس کا اثر نہ ہونے کے برابر تھا حالانکہ بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، مگر ان کا طاقتور مافیا انہیں فوراً ضمانت دلوا لیتا تھا اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب بھیک دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انتظامیہ نے گزشتہ کچھ ماہ میں بہت سے گینگ پکڑے ہیں جو لوگوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرتے ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق کئی بھیک مانگنے والے گروہ بھی سامنے آئے ہیں، جن کے خلاف دوبارہ آبادکاری کا عمل شروع کر دیاگیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزارتِ سماجی انصاف و انسانی حقوق نے اندور سمیت بھارت کے 10 شہروں میں بھکاریوں کو آزاد کرنے کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا ہے۔








